صدر مملکت، وزیراعظم، صدر مسلم لیگ (ن) نوازشریف، چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان سمیت اہم شخصیات نے نماز عیدالفطر اپنے آبائی علاقوں میں ادا کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں عید نماز ادا کی، آصف علی زرداری کے ہمراہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، صوبائی وزیر جیل خانہ جات حاجی علی حسن زرداری نے بھی عید نماز ادا کی۔آصف علی زرداری نماز کے بعد گھل مل گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز عید ادا کی، حمزہ شہباز اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک ہوئے، صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے جاتی امراء میں نماز عید پڑھی
وفاقی وزیرمواصلات اورصدرآئی پی پی عبدالعلیم خان نےلاہورمیں نمازعید ادا کی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے عید پر اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطردوسروں میں خوشیاں تقسیم کرنے کا دن ہے۔ آج ہمیں ملک وقوم کی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں کرنی ہیں۔یہ یاد رکھنا ہےکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے بونیر میں نماز عید ادا کی۔ کہا چئیرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے بغیر ہماری عید کی خوشیاں ادھوری ہیں۔ دعا ہے اگلی عید پر بانی پی ٹی آئی بھی رہائی پاکرہمارے درمیان ہوں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں نماز عید ادا کی، بلاول بھٹو زرداری نماز عید کے بعد شہریوں سے عید ملے اور عید کی مبارک باد دی۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں نماز عید پڑھی، سابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے عید الفطر کی نماز اپنے آبائی علاقہ نوکنڈی میں ادا کی، نماز کے بعد صادق سنجرانی نے لوگوں سے عید بھی ملی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے نماز عید ہری پور میں اپنے آبائی گاؤں ریحانہ میں ادا کی، سابق صوبائی وزیر بلدیات یوسف ایوب خان نے بھی نماز عید ریحانہ میں پڑھی، نماز کے بعد عمر ایوب خان اور یوسف ایوب خان لوگوں سے عید بھی ملے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے عید کی نماز اپنے آبائی ضلع ڈی آئی خان میں ادا کی، ملک کی سلامتی اور خوشحالی، قومی یکجہتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی احمد بگٹی نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کوئٹہ میں نماز عید ادا کی، صوبائی وزراء نور محمد دمڑ، بخت کاکڑ نے بھی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں نماز عید پڑھی، رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک اور آئی جی پولیس بلوچستان نے بھی وزیر اعلیٰ ہاوس میں نماز عید ادا کی۔
گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں نے نماز عید ادا کی جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد، سابق میئر کراچی وسیم اختر، رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ اور ارشد وہرا نے پولو گراؤنڈ کراچی میں نماز عید پڑھی۔