وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) اینٹی منی لانڈرنگ سرکل نے قائد آباد میں اسپیشلائزڈ یونٹ کے ہمراہ ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزم ارمغان قریشی کی ملکیتی فورڈ ریپٹر جیپ برآمد کی جس کی مالیت 5 کروڑ 85 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
اس سے قبل ارمغان کے گھر سے 4 کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کی آڈی ای-ٹرون کار بھی برآمد کی جا چکی ہے۔
ایف آئی اے کے ریکارڈ کے مطابق ارمغان نے کال سینٹر سے حاصل کردہ غیر قانونی رقم سے 8 مہنگی گاڑیاں خریدی تھیں جن کی مجموعی مالیت 12 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
کارروائی کے دوران برآمد کی گئی فورڈ ریپٹر جیپ کو ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کے دفتر منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق، یہ گاڑیاں ارمغان کی مبینہ منی لانڈرنگ سرگرمیوں کا حصہ ہیں جن کے ذریعے وہ غیر قانونی آمدنی کو لگژری اثاثوں میں تبدیل کر رہا تھا۔
ایف آئی اے کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر پہلوؤں کا پتہ لگایا جا سکے۔