کراچی کے علاقے کارساز کے قریب کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو کے مطابق کراچی کے علاقے کار ساز کے قریب تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، واقعے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مرنے والوں میں خاتون اور ایک مرد شامل ہے، حادثے کے بعد کار سوار فرار ہوگیا۔
حادثے میں جاں بحق مرد اور خاتون میاں بیوی ہیں، جن کی شناخت 30 برس کے ایاز اور 25 برس کی اقصیٰ کے نام سے ہوئی ہے، لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئیں، میاں بیوی اللہ والا ٹاؤن کے رہائشی ہیں، جو ملازمت سے واپس آرہے تھے۔
پولیس کے مطابق شہریوں نے فرار ہونیوالے کار ڈرائیور کو پکڑ لیا، مشتعل شہریوں نے ملزم کو پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کردیا، موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والی کار کا نمبر بی ایم ایس 747 ہے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ متوفیہ اقصیٰ نارتھ کراچی کے اسکول میں ٹیچر تھی، ایاز فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار والا بہت تیز رفتاری سے آرہا تھا، موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کا کوئی قصور نہیں، میاں بیوی سائیڈ میں کھڑے ہوئے تھے، گاڑی نے انہیں ہٹ کیا اور یہ مٹی پر جاکر گرے، ہم نے مٹی میں سے انہیں اٹھایا۔
متوفیہ اقصیٰ کے والد نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، قانون بکا ہوا ہے، آج یہ میرے ساتھ ہوا ہے کل کسی اور کے ساتھ ہوگا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پولیس ڈرائیور کو پکڑے گی اور پیسے لیکر چھوڑ دے گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ملیر ہالٹ کے علاقے میں تیز رفتار ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے تھے، خاتون حاملہ تھی جس نے وہیں بچے کو جنم دیا تاہم نومولود بھی جانبر نہ ہوسکا تھا۔