سپریم کورٹ نے ڈسٹرکٹ اسپتال ملتان کیلئے اراضی کی قیمت کے تعین کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل خارج کر دی۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ڈسٹرکٹ اسپتال ملتان کیلئے اراضی کی قیمت کے تعین کے خلاف اپیل کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کلکٹر نے زمین کیلئے دس ہزار روپے فی مرلہ قیمت کا تعین کیا ہے لیکن ریفری جج نے قیمت بڑھا کر 30 ہزار کردی جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی 30 ہزار فی مرلہ قیمت برقرار رکھی۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ریفری جج نے ریکارڈ کا جائزہ لے کر قیمت 30 ہزار روپے فی مرلہ کی اور بظاہر تو قیمت کے تعین میں کوئی غلطی نہیں۔
بعدازاں، عدالت عظمیٰ نے خاتون غزالہ سلیم کے حق میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پنجاب حکومت کی اپیل مسترد کردی۔