مصری جنگلی بلے نے اسرائیلی سرحد پر تعیناتی صہیونی فوجیوں پر حملہ کردیا، متعدد فوجی زخمی ہوگئے۔
دو روز قبل اسرائیلی میڈیا نے ایک خبر دی تھی کہ شکاری مصری لینکس (جنگلی بلّے ) نے مصر سے ملحقہ سرحد پر اسرائیلی فوج کے متعدد سپاہیوں پر حملہ کرکے انہیں مختلف نوعیت کے زخم لگائے۔
اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ مصری سرحدی علاقے خاص طور پر جبل حریف کے علاقے میں فوجیوں کو جانوروں کے مشتبہ کاٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک نایاب شکاری جانور لینکس کو نیچر اینڈ ریزرو اتھارٹی کے ایک انسپکٹر نے پکڑ لیا، انسپکٹر اطلاع ملنے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچا تھا۔ اسرائیلی میڈیا نے مزید کہا کہ ریزرو انسپکٹر نے جانور کو پکڑا اور یہ مصری لنکس نکلا اسے جانچ کیلئے خصوصی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے لینکس یا جنگلی بلا درمیانے درجے کا شکاری ہے، اس کی لمبائی 60 سے 130 سینٹی میٹر کے درمیان ہوتی ہے، اس کی رفتار کا انحصار اپنے شکار کی رفتار پر ہوتا ہے اور یہ 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے۔
لنکس ریگستان میں رہتا ہے، یہ کم بارش والے علاقوں کو ترجیح دیتا ہے، یہ خرگوش، چوہے اور پرندوں جیسے چھوٹے جانوروں کو شکار کرنے پر انحصار کرتا ہے۔
مصر سے اسرائیل میں جانوروں کی دراندازی نے 2022ء میں اسرائیلیوں میں بہت سے خدشات کو جنم دیا، اسرائیلی سائنسدانوں نے ملک کے جنوب میں واقع وادی عرب علاقے میں مصری چھپکلی کے پھیلاؤ کے بارے میں ایک انتباہ جاری کیا تھا کہ اس سے ماحولیاتی نظام کو خطرہ ہے۔
اسرائیلی اخبار ’’یدیعوت احرونوت‘‘ نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیچر اینڈ پارکس اتھارٹی مصری گیکوز اور چھپکلیوں کا پتہ لگانے میں وادی عربہ کے مقامی باشندوں سے مدد طلب کر رہی ہے جو خطے میں پھیلنا شروع ہوگئے ہیں اور خوفناک رفتار سے بڑھ رہے ہیں اور زرعی فصلوں کو کھارہے ہیں۔
تل ابیب یونیورسٹی میں سائنس کے پروفیسر شائی میری نے کہا کہ مصری چھپکلی اور گیکو کسی بھی چیز کو کھاسکتے ہیں اور کسی بھی مزاحمت پر قابو پاسکتے ہیں، وہ کسی بھی ماحولیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔