آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو بھارتی ایئر لائن "ایئر انڈیا" کی ایک پرواز میں پائلٹ کی عدم موجودگی کی وجہ سے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کرکٹر وارنر سمیت متعدد مسافر کئی گھنٹوں تک جہاز میں بیٹھے رہے کیونکہ پرواز کے لیے پائلٹ دستیاب نہ تھا اور یہ واقعہ بھارتی شہر بنگلورو کے کیمپی گوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا جہاں جہاز کئی گھنٹوں تک رکا رہا۔
ایئر لائن نے اس تاخیر کی وجہ موسمی خرابی کو قرار دیا جس کی وجہ سے فلائٹ آپریشنز متاثر ہوئے اور عملے کی دستیابی میں مسائل پیدا ہوئے۔
ڈیوڈ وارنر نے اس صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایئر انڈیا سے شکایت کی اور لکھا کہ ہم ایک ایسے جہاز میں سوار ہوگئے ہیں جس میں کوئی پائلٹ نہیں، اور ہم گھنٹوں سے انتظار کر رہے ہیں آپ نے یہ جانتے ہوئے بھی مسافروں کو جہاز میں کیوں بٹھایا جب آپ کے پاس پرواز کے لیے پائلٹ نہیں تھا؟۔
وارنر کے اس ٹوئٹ نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی۔
ایئر انڈیا نے جواب میں کہا کہ بنگلورو میں خراب موسم کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر ہوئی اور عملہ پچھلی پروازوں کے شیڈول میں الجھن کا شکار ہوا جس سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔
تاہم وارنر کا کہنا تھا کہ مسافروں کو بورڈنگ سے پہلے اس صورتحال سے آگاہ کرنا چاہیے تھا۔