ضلع خیبر کے وادی تیراہ میں حالیہ شدید برفباری کے باعث پھنسے ہوئے آئی ڈی پیز کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق برفباری میں پھنسے پھنسے آئی ڈی پیزکومحفوظ مقام پرمنتقلی کیلئےاقدامات جاری ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو پائندہ چینہ اسکول اور ہاسٹل منتقل کیا جارہا ہے، ہنگامی بنیادوں پرپی ڈی ایم اےویئرہاوس سے12ٹرکوں پرمشتمل قافلہ روانہ کردیاگیا۔
پشاور سے ریسکیو کا 20 ایمبولینس سے زائد گاڑیوں پر مشتمل قافلہ وادی تیراہ روانہ ہوچکا ہے، مختلف شاہراہوں پرپھنسےافراد کوہنگامی طورپرفوری ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔ ریسکیوٹیموں کی زیرنگرانی پہلے بچوں اورخواتین کو بعد ازاں مردوں کومنتقل کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ خیبر: لنڈی کوتل اور مضافات میں برفباری کے باعث سردی کی شدت مزید اضافہ ہوگیا ہے، لنڈیکوتل میں 2 انچ برف پڑچکی ہے۔ برفباری سے اہم رابطہ سڑکیں بند، متعدد خاندان پھنس گئے، ہیوی مشینری کے ذریعے بند راستوں کی صفائی جاری ہے۔
دوسری جانب پاک فوج کی جانب سے برف باری کے دوران تیراہ سےعارضی انخلا کرنے والے شہریوں کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، برفباری میں پھنسے بیس شہریوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
برف باری اور شدید سرد موسم کے دوران پاک فوج تیراہ سے آنے والی سڑکوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہے۔ پاک فوج نے تیراہ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس میں متاثرین کے لئے 200 بستروں کی تیاری مکمل کرلی۔ متاثرہ افراد کو خوراک، گرم رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ ٹرانسپورٹ اور نقل مکانی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے منظم کیا جا رہا ہے۔






















