قومی ٹیم کے باؤلر محمد وسیم جونیئر کا کہنا ہے کہ 7 ماہ کے بعد پاکستان ٹیم میں کم بیک کرکے اچھا محسوس کررہا ہوں۔
نیوزی لینڈ جانے سے قبل سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قومی باؤلر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ لمبی انجری سے چھٹکارا پایا ہے اور 7 ماہ کے بعد پاکستان ٹیم میں کم بیک کرکے اچھا محسوس کررہا ہوں، پاکستان میں گرین پچز تیار کرکے پریکٹس کی ہے، جس کا نیوزی لینڈ میں فائدہ ہوگا۔
قومی باؤلر کا کہنا تھا کہ سیریز میں سنیئر بولرز کی کمی محسوس ہوگی مگر ہمارے ساتھ نسیم شاہ، عاکف جاوید اور فہیم اشرف ہیں تو ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔
وسیم جونیئر کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی جہاں موقع ملے اس کا فائدہ اٹھائیں، نیوزی لینڈ ٹور پر بھی اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کا نہیں سوچا اچھی بولنگ کرنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آسٹریلیا اور ساؤتھ افریقہ سیریز کی طرح نیوزی لینڈ سیریز میں بھی اچھا کریں گے اور جیت کر آئیں گے۔