عالمی شہرت یافتہ باکسر اور دو مرتبہ کے ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن جارج فورمین 76 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اولمپئن باکسنگ لیجنڈ نے 21 مارچ 2025 کو دنیا کو الوداع کہا جس کی تصدیق ان کے اہلخانہ نے بھی کی اور ان کے خاندان نے گہرے دکھ کے ساتھ بتایا کہ جارج ایڈورڈ فورمین اپنے پیچھے ہزاروں مداحوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔
جارج فورمین نے 1974 میں تاریخی مقابلے 'رمبل ان دی جنگل' میں محمد علی کے ہاتھوں شکست کھائی تھی لیکن دو دہائیوں بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے دوبارہ ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ان کے طویل باکسنگ کیریئر میں 81 فائٹس شامل ہیں جن میں سے 76 میں فتح حاصل کی اور 68 ناک آؤٹس کے ساتھ انہوں نے اپنی دھاک بٹھائی، وہ صرف 5 مقابلوں میں ناکام رہے، ان کی انہی کامیابیوں کی بدولت انہیں ورلڈ باکسنگ ہال آف فیم اور انٹرنیشنل باکسنگ ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔
فورمین کی ذاتی زندگی بھی اتنی ہی دلچسپ رہی، انہوں نے 1985 میں میری جان مارٹیلی سے اپنی پانچویں شادی کی جو 40 سال تک قائم رہی، مختلف بیویوں سے ان کے 12 بچے تھے جن میں سے 5 بیٹوں کے نام انہوں نے اپنے نام پر جارج ایڈورڈ فورمین رکھے اور انہیں جارج جونیئر، مونک، بک وہیل، ریڈ اور جیو کہہ کر پکارا۔