وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ٹیکس اصلاحات کے سلسلے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو مجموعی طور پر 31.5 ارب روپے کا فائدہ پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے بینکوں کی اضافی آمدن پر ٹیکس سے متعلق حکم امتناع کی درخواست خارج کر دی، جس سے قومی خزانے میں 8.4 ارب روپے کی وصولی ممکن ہو سکی جبکہ ایک ماہ مجموعی طور پر ساڑھے 31 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔ اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ کے فیصلوں سے 23 ارب روپے کا فائدہ ہوا تھا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ونڈ فال انکم ٹیکس کے کیسز کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ قانون، اٹارنی جنرل اور وزیرِ خزانہ کو مقدمات کی مؤثر پیروی کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے اس کامیابی پر وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور ان کی قانونی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی اقدام ہے جو ملکی معیشت کے استحکام میں مددگار ثابت ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 31.5 ارب روپے کی خطیر رقم قومی خزانے میں جمع ہوئی ہے، اس رقم سے صحت، تعلیم و دیگر عوامی فلاحی منصوبے بنائے جائیں گے،ان شاءاللہ اسی طرح کے مزید اقدامات سے پاکستان کو بہت جلد خود کفیل بنائیں گے۔