جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری راشد محمود سومرو کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کا متبادل لانے کیلئے نیا اتحاد بنارہے ہیں، اتحاد کے حوالے سے ن لیگ، ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور قوم پرستوں سمیت دیگر جماعتوں سے بات چیت چل رہی ہے۔
سندھ امن مارچ کی مٹھی سے بدین روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماء مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد انتخابی نہیں تھا، نیا انتخابی اتحاد بناکر بہت جلد سندھ کو متبادل قیادت فراہم کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں مولانا راشد محمود کا کہنا تھا کہ اب الیکشن ہوتے دیکھ رہا ہوں، الیکشن جنوری کے آخر یا فروری کے شروع میں ہوجانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا متبادل لانے کیلئے مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم پاکستان، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور قوم پرست جماعتوں سے بات چیت چل رہی ہے۔
راشد محمد سومرو نے مزید کہا کہ 72 ارب کی لاگت سے 2 ڈیم تعمیر کرنے کے باوجود ابھی تک تھر کے باسیوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔