سندھ حکومت نے اٹلی میں منعقد ہونے والے اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے پاکستان اسپیشل اولمپکس کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 میڈلز جیتے، جس پر حکومت سندھ نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر کراچی میں پاکستان اسپیشل اولمپکس کے زیراہتمام قومی کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر کھیل سردار محمد مہر نے خصوصی شرکت کی۔
وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ خصوصی کھلاڑیوں کی کامیابی پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے اور حکومت سندھ ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔