پاکستان کرکٹ بورڈ کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران پاکستان میں ہونے والے میچز سے تقریباً دو ارب روپے کا مالی فائدہ ہوا۔ پی سی بی کا اس ایونٹ میں کوئی مالی خرچ نہیں آیا کیونکہ یہ آئی سی سی کا ایونٹ تھا، اور تمام اخراجات آئی سی سی نے برداشت کیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کھیلے گئے نو میچز کے ٹکٹوں کی فروخت سے ریکارڈ منافع حاصل ہوا۔ گیٹ منی سے پی سی بی نے تقریباً پینتیس سے چالیس کروڑ روپے کمائے، جبکہ پاکستان کا صرف ایک میچ ملک میں ہونے کے باوجود شاندار گیٹ منی اکٹھی ہوئی۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے آئی سی سی نے ستر ملین ڈالر کا بجٹ مختص کیا، جس میں رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات شامل تھے، جو مکمل طور پر آئی سی سی نے اٹھائے۔ اسی دوران، پی سی بی کو ہوسٹنگ فیس کی مد میں چھ ملین ڈالر، یعنی تقریباً ایک ارب اڑسٹھ کروڑ روپے ادا کیے گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پر اپنی موجودہ فنڈنگ سے خرچ کیا۔ دنیا بھر میں کرکٹ ایونٹس سے قبل اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن معمول کی بات ہے اور پی سی بی نے بھی اسی پریکٹس کو اپنایا۔
چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے بعد، پی سی بی کو مجموعی طور پر تقریباً دو ارب روپے کا مالی فائدہ ہوا، جبکہ کوئی نقصان نہیں ہوا۔