سوشل میڈیا پر ایف آئی اے افسر پر رشوت طلبی کے الزامات سامنے آنے کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم ٹیم نے معروف اداکارہ نادیہ حسین کے ڈیفنس میں واقع گھر کا دورہ کیا اور موبائل فون تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق، ایف آئی اے ٹیم نے نادیہ حسین کا موبائل فون تحویل میں لے لیا اور انہیں کال اپ نوٹس بھی جاری کردیا۔ نوٹس میں اداکارہ کو اگلے ہفتے سائبر کرائم کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نادیہ حسین کے موبائل فون سے ایف آئی اے افسر کے رقم مانگنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی تھی۔ مزید برآں، فون میں موجود میسیج چیٹ اور وائس نوٹس میں بھی رشوت طلبی کے شواہد موجود ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم ونگ کی ٹیکنیکل ٹیم نادیہ حسین کے موبائل کا تفصیلی تجزیہ کرے گی تاکہ الزامات کی تصدیق کی جا سکے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے نادیہ حسین کے شوہر عاطف کو بینک فراڈ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔