پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی بار ٹرافی ٹور کا آغاز حیدرآباد سے کردیا گیا، کراچی، لاہور، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، پشاور اور اسلام آباد میں بھی تقریب رونمائی ہوگی۔
پاکستان سپر لیگ 10 کیلئے پی ایس ایل تاریخ میں پہلی بار ٹرافی ٹور کا آج سے آغاز ہوگیا، پہلے دن حیدرآباد اور کراچی میں ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کی دسویں ایڈیشن کی ٹرافی ’لومینارا‘ پاکستان کے 11 شہروں کا دورہ کرے گی، پی ایس ایل کا ٹرافی ٹور 29 مارچ تک جاری رہے گا۔
پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کا آغاز حیدرآباد سے ہوگیا، آج اور کل کراچی میں مختلف مقامات پر ٹرافی کی نمائش ہوگی، 16 اور 17 مارچ کو لاہور، 18 مارچ کو ملتان، 19 مارچ کو بہاولپور، 20 مارچ کو فیصل آباد میں ٹرافی کی رونمائی ہوگی جبکہ 22 مارچ کو پشاور، 23 مارچ کو اسلام آباد میں بھی ٹرافی کی رونمائی کی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹرافی ٹور کا دوسرے مرحلے کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا، راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان افتتاحی میچ سمیت 11 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ قذافی اسٹیڈیم 18 مئی کو فائنل سمیت 13 میچوں کی میزبانی کریگا، کراچی اور ملتان پی ایس ایل کے 5، 5 میچوں کی میزبانی کریں گے۔