ورلڈ کپ 2023ء کے میچ میں نیدر لینڈز نے جنوبی افریقا کے بعد بنگلہ دیش کو بھی شکست دیدی، ڈچ ٹیم نے میچ میں 87 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔
بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں نیدر لینڈز نے بنگلہ دیش کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 229 رنز بنائے۔
ڈچ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 68 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، ویسلے باریسی 41 اور سیبرانڈ اینگل بریخت 35 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے، لوگن وان بیک 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شریف الاسلام، تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور مہدی حسن نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیشی ٹیم 230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے مشکلات کا شکار رہی، 42.2 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مہدی حسن مرزا 35 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، محمود اللہ اور مستفیض الرحمان 20 ، 20 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
بنگلہ دیش کے 5 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہیں ہوسکے، بنگال ٹیم میچ 87 رنز سے ہار گئی۔
نیدر لینڈز کی جانب سے پال وان میکیرن نے 4، باس ڈی لیڈز نے 2 اور آریان دت، لوگن وان بیک اور کولن ایکرمین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے دیکھتے رہیں سماء نیوز لائیو