پیپلزپارٹی کے وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن پانچ ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا جس پر الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی کیس کی سماعت انتیس اپریل تک ملتوی کردی۔
ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نےسماعت کی۔حکام الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نےانٹرا پارٹی الیکشن جنوری میں کرانےتھےمگر ابھی تک نہیں کرائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے وکیل کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔
کمیشن نےانٹرا پارٹی انتخابات کرانے میں تاخیر کی وجہ پوچھی تو وکیل نےکہا کہ مختلف وجوہات اور قیادت کی مصروفیات کےباعث الیکشن میں تاخیر ہوئی تاہم اب پانچ ہفتوں میں انٹرا پارٹی انتخابات کرا دیئے جائیں گے۔
ممبر کےپی جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ کےاستفسار پروکیل نے بتایا کہ بلاول بھٹو پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین ہیں تاہم وہ رکن اسمبلی پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے ٹکٹ پر بنے کیونکہ دونوں جماعتوں کا آپس میں ایم او یو ہے،الیکشن کمیشن نے مزید سماعت انتیس اپریل تک ملتوی کر دی۔