متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ عبداللہ بن زاید آل نہیان اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے۔
اماراتی وفد میں یو اے ای کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ خلیفہ شاہین المرار بھی شامل ہیں جبکہ ایئرپورٹ پر نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق عبداللہ بن زاید اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعاون، اور سلامتی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔
وہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی پیشرفت پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ دونوں نائب وزرائے اعظم کی آخری ملاقات فروری 2025 میں ابوظہبی میں ہوئی تھی۔
عبداللہ بن زاید کا یہ دورہ پاک-یو اے ای کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو گہرا کرنے میں مدد دے گا۔