استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں گئی جن کے دلوں میں پاکستان کا درد نہیں تھا، ہم اس لئے اکٹھے ہورہے ہیں کہ ادھورا مشن پورا کیا جاسکے، ہار ماننے کو تیار نہیں، نئے پاکستان کے سفر کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے، ہمیں دشمنی نہیں کرنی، مخالفانہ بیانات اور انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب 10، 12 سال پہلے دیکھان شروع کیا تھا۔
جہانیاں میں استحکام پاکستان پارٹی کے پہلے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ 50 ہزار روپے، 300 یونٹ تک بجلی مفت اور نوجوانوں کو روزگار دینا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
آئی پی پی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین نے کہا کہ آج لوگ دور دور سے آئے ہیں، ہم اکٹھے رہیں گے اور نیا پاکستان بنانے کی کوشش کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے، 10 پہلے بہتر پاکستان بنانے کیلئے اکٹھے ہوئے تھے، سارا پلان تیار تھا، معاشی بہتری لانی تھی، صنعت کو فروغ دینا تھا تاکہ نوکریاں ملیں، پاکستان کے ہر شعبے میں تبدیلی لانی تھی یہ ہمارا پلان تھا، افسوس یہ سب خواب پورے نہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑی کوشش کی مگر چند وجوہات کی بناء پر یہ خواب ادھورے رہ گئے، نیا پاکستان بنانے کیلئے 10 سال محنت کی، جب طاقت میں بیٹھ گئے وزیراعظم کی کرسی بھر گئی سب کو ایک ایک کرکے ہٹادیا گیا، ہماری جگہ اور لوگ آگئے جو ہمارے پلان کو جانتے بھی نہیں تھے، ہماری سوچ ادھوری رہ گئی، جس جذبے سے پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے وہ کام پورا نہیں ہوسکا۔
جہانگیر خان ترین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کچھ ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں چلی گئی جن کے دلوں میں نہ پاکستان کا درد تھا نہ ملک میں بہتری لانا ان کا ایجنڈا، انہوں نے پاکستان کو درست سمت میں نہ چلایا، نیا پاکستان بنانے کی کوشش کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے، 10 سال پہلے ہم لوگ بہتر پاکستان بنانے کیلئے اکٹھے ہوئے تھے، ہم ہار ماننے کو تیار نہیں، اپنے سفر کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے، اس وقت شخصیت اہم نہیں، سب سے اہم آپ (عوام) اور پاکستان ہے۔
آئی پی پی کے پیٹرن انچیف نے کہا کہ آپ کی ترقی ہوگی تو سب ٹھیک ہوجائے گا، آپ نے فیصلہ کرنا ہے کونسی سیاسی جماعت آپ کیلئے بہتر ہے، بہت افسوس کی بات ہے کہ نوجوان ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، زراعت کے شعبے کی ترقی ہماری ترجیح ہوگی، میں نے اپنی پوری زندگی زراعت کی ترقی کیلئے لگائی، انشاء اللہ پاکستان میں کسان عزت سے روٹی کمانے کے قابل ہوں گے، ہمیں کسانوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نہ نکلیں۔
جہانگیر خان ترین کا کہنا تھا کہ ہم ایک دیہی علاقے میں آئے ہیں، کسی بڑے شہری علاقے میں جلسہ نہیں کررہے، ہماری ترجیح وہ علاقے ہیں جہاں ترقی نہیں ہوسکی، صرف نعروں اور بیانات تک محدود نہیں، ہم اپنا ہوم ورک کرچکے منصوبوں کو عملی شکل دیں گے۔
پیٹرن انچیف آئی پی پی نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی پارٹیوں کو دشمن نہیں سمجھنا، ہمیں دشمنی نہیں کرنی، مخالفانہ بیانات اور انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ سب مل کر عہد کریں ملکی وسائل کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو عظیم بنائیں گے، ہم اپنے منشور کو پورا کریں گے، پوری محنت کے ساتھ غریب عوام کے ساتھ کیا وعدہ پورا کریں گے، ہم کامیاب ہوکر دکھائیں گے، ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب 10، 12 سال پہلے دیکھنا شروع کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے دیکھتے رہیں سماء نیوز لائیو