استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں گئی جن کے دلوں میں پاکستان کا درد نہیں تھا، ہم اس لئے اکٹھے ہورہے ہیں کہ ادھورا مشن پورا کیا جاسکے، ہار ماننے کو تیار نہیں، اپنے سفر کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے، ہمیں دشمنی نہیں کرنی، مخالفانہ بیانات اور انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ایسا پاکستان بنائیں گے جس کا خواب 10، 12 سال پہلے دیکھان شروع کیا تھا۔
جہانیاں میں استحکام پاکستان پارٹی کے پہلے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ 50 ہزار روپے، 300 یونٹ تک بجلی مفت اور نوجوانوں کو روزگار دینا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
آئی پی پی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین نے کہا کہ آج لوگ دور دور سے آئے ہیں، ہم اکٹھے رہیں گے اور نیا پاکستان بنانے کی کوشش کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے، 10 پہلے بہتر پاکستان بنانے کیلئے اکٹھے ہوئے تھے، سارا پلان تیار تھا، معاشی بہتری لانی تھی، صنعت کو فروغ دینا تھا تاکہ نوکریاں ملیں، پاکستان کے ہر شعبے میں تبدیلی لانی تھی یہ ہمارا پلان تھا۔