خیبرپختونخوا میں سات روز کے دوران گیسٹرو کے 19 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کیسز 24 فروری سے 2 مارچ تک رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں 7 روز میں گیسٹرو کے 19 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، کیسز صوبے کے مختلف اسپتالوں میں 24 فروری سے 2 مارچ کے درمیان رجسٹر ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2 ہزار 82 طبی مراکز میں سے ایک ہزار 826 میں گیسٹرو کے مریض سامنے آئے، سب سے زیادہ متاثرہ کیسز پشاور سے رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پشاور میں 2 ہزار 591 مریض رپورٹ ہوئے، ایک ہزار 913 کیسز چارسدہ، ایک ہزار 369 کیسز سوات میں رپورٹ ہوئے جبکہ ڈی آئی خان میں ایک ہزار 202، نوشہرہ میں ایک ہزار 86 اور دیر لوئر میں ایک ہزار 12 کیسز رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران صوبے میں سانس اور سینے کی بیماریوں کے 8 ہزار 367 کیسز رپورٹ ہوئے، مچھروں اور مکھیوں سے پھیلنے والی بیماریوں سے 3 ہزار 845 افراد متاثر ہوئے ہیں۔