مردان میں پرانی دشمنی پر دو فریقوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مردان کے علاقے قاسم طورو میرہ میں 2 فریقوں کے درمیان پرانی دشمنی پر فائرنگ کے تبادلے میں 3 سگے بھائی مرزا خان، جمال شاہ، ظاہر شاہ سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے، چوتھے شخص کی شناخت سبز علی خان کے نام سے ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ سے ایک بچے سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔