ملک کے دو سب سے بڑے ڈیم تربیلا اور منگلا میں پانی ڈیڈ لیول کے نزدیک پہنچ گیا۔
انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے تربیلا اور منگلا ڈیم کی ڈیڈ لیول صورتحال سے صوبوں کو خبردار کردیا۔ ارسا نے اپنے مراسلے میں پانی تقسیم کا نیا ضابطہ جاری کردیا اور کہا کہ ربیع سیزن کے باقی عرصے کیلئے پانی کی 30 سے 35 فیصد قلت کا خدشہ ہے۔
ارسا نے اعلامیے میں تمام صوبوں کے محکمہ آبپاشی کو فوری اقدامات لینے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارش کے ہونے تک صورتحال میں بہتر کا امکان نہیں، رواں ربیع سیزن میں پنجاب نے 20 فیصد پانی کی قلت برداشت کی، سندھ نے رواں ربیع سیزن میں 16 فیصد پانی کی قلت برداشت کی۔
ارسا مراسلے کے مطابق سندھ کو 27 ہزار کیوسک طلب کے مقابلے میں 25 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے، پنجاب کو 40 ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ اس کی طلب 45 ہزارکیوسک ہے۔
ترجمان ارسا کا کہنا ہے کہ بارشیں نہ ہونے کے باعث منگلا اور تربیلا ڈیم 3 سے چار روز میں ڈیڈ لیول پر جاسکتے ہیں۔
واپڈا کے مطابق تربیلا ڈیم کا ڈیڈ لیول 1402 فٹ اور منگلا ڈیم کا ڈیڈلیول 1050 فٹ ہے، تربیلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1409.50 فٹ اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1088.45 فٹ ہے۔
واضح رہے کہ موسم سرما میں ملک میں شدید خشک سالی رہی، کم بارشیں ہونے کے باعث گندم کی فصل کیلئے بھی پانی کی قلت کا سامنا رہا تھا۔