حکومت کا کسی بھی ملک سے اعلیٰ عہدیداروں کیلئے تحائف قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی نے توشہ خانہ سے متعلق نئی سفارشات تیار کرلیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ غیر ملکی دوروں کے دوران تحائف لینے پر جلد پابندی عائد کردی جائے گی۔
توشہ خانہ اسکینڈلز سامنے آنے کے بعد حکومت نے بڑا قدم اٹھالیا، کسی بھی ملک سے اعلیٰ عہدیداروں کیلئے تحائف قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی حکومت اس ضمن میں توشہ خانہ کے قوانین تبدیل کرے گی۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی نے توشہ خانہ سے متعلق نئی سفارشات تیار کرلیں۔ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ غیرملکی دوروں کے دوران تحائف لینے پر جلد پابندی عائد کردی جائے گی، تنازعات سے بچنے کیلئے حکومت تحفے لینے پر پابندی لگانے جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد تمام ممالک سے تحائف لینے پر باضابطہ پابندی لگادی جائے گی، دوست ممالک کو سرکاری سطح پر بھی تحائف نہ دینے کی درخواست کی جائے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری، نہ تحفے ملیں گے نہ ہی تنازعات جنم لیں گے۔