آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے مالی سال 2024-25 کی پہلی ششماہی کے دوران 206.4 ارب روپے سے زائد کی نیٹ سیل اور 82.5 ارب روپے کے خالص منافع کا ریکارڈ قائم کرلیا۔
کمپنی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ششماہی کے دوران مجموعی منافع 62 فیصد جبکہ خالص منافع 40 فیصد رہاہے اس شاندار کارکردگی کے پیش نظر او جی ڈی سی ایل نے کمپنی کی تاریخ کا سب سے زیادہ سہ ماہی ڈیویڈنڈ 4.05 روپے فی شیئر دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل نے رواں مالی سال میں ملکی پیداوار میں نمایاں حصہ ڈالا، جہاں خام تیل میں 48 فیصد، قدرتی گیس میں 28 فیصد اور ایل پی جی میں 34 فیصد حصہ رہا۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران خام تیل کی یومیہ پیداوار 31,477 بیرل جبکہ گیس کی یومیہ پیداوار 672 ایم ایم سی ایف ریکارڈ کی گئی۔
اس عرصے میں ملک میں تیل و گیس کے تین نئے ذخائر بھی دریافت ہوئے، جو مکمل طور پر او جی ڈی سی ایل کے نام رہے کمپنی کی شاندار کارکردگی توانائی کے شعبے میں مثبت پیشرفت اور معیشت کے استحکام کی عکاسی کرتی ہے۔