ملک کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارشوں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔
پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں برسات نے شہریوں کے چہروں پر خوشی بکھیر دی جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔
پنجاب کے شہروں میانوالی، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرانوالہ، شیخوپورہ، حافظ آباد اور گجرات میں موسلادھار بارش سے ٹھنڈک بڑھ گئی ہے۔
ان علاقوں اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
بلوچستان کے مستونگ، کوہلو، قلات اور جھل مگسی میں بادل خوب جم کر برسے جس سے موسم مزید سرد ہو گیا اور شہری خوشی سے نہال ہو گئے۔
سندھ کے شہر خیرپور اور اس کے مضافات میں بوندا باندی نے خوبصورت سماں باندھ دیا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے علاقے میں سردی کی لہر مزید تیز ہو گئی۔
بارشوں نے جہاں موسم کو خوشگوار بنایا وہیں شہریوں کے لیے سردی سے بچاؤ کے انتظامات بھی ناگزیر ہو گئے۔