بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سب سے بڑے میچ میں پاکستان کی ٹیم 50 اوورز مکمل نہ کرسکی اور صرف 241 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
اس انتہائی اہم میچ میں پاکستان تینوں شعبوں، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں ناکام رہا جبکہ بیٹرز نے ون ڈے کو ٹیسٹ میچ میں بدل دیا اور ابتدائی 161 گیندوں پر ڈاٹ بالز کی سنچری مکمل کی۔
پاور پلے میں بھی بیٹرز نے جارحیت دکھانے کے بجائے ڈاٹ بالز کھیلنے پر زور دیا اور سست کھیل کے ساتھ وکٹ پر وقت گزارا۔
امام الحق نے 26 گیندوں پر 10 رنز بنائے، سعود شکیل نے 76 گیندوں پر 62، کپتان محمد رضوان نے 77 گیندوں پر 46، جبکہ بابر اعظم نے 26 گیندوں پر 23 رنز اسکور کیے۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پاکستان کی پوری اننگ میں 147 ڈاٹ بالز کھیلے گئے۔
یہ صورتحال نیوزی لینڈ کے خلاف افتتاحی میچ سے زیادہ مختلف نہ تھی جہاں پاکستان نے 47.2 اوورز میں 161 ڈاٹ بالز کھیلے تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈاٹ بالز کے تناسب میں پاکستان اور بھارت میں بڑا فرق نہ تھا، پاکستان کی اننگ میں 49.33 فیصد جبکہ بھارت کی 47.84 فیصد ڈاٹ بالز رہیں لیکن بھارت نے باؤنڈریز کے معاملے میں پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا اور 42.62 فیصد اسکور باؤنڈریز سے بنایا جبکہ پاکستان صرف 30.71 فیصد تک محدود رہا۔
یاد رہے کہ اتوار کے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔