مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج پاکستان میں داخل ہوگا ۔ جس سے پہاڑوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ہے ۔ بارشوں کے باعث چیمپئنز ٹرافی کے میچز بھی متاثر ہوسکتے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کےمطابق بارشوں اور برفباری کا سلسلہ یکم مارچ تک جاری رہے گا ۔ پانی کی دستیابی میں کچھ بہتری متوقع ہے۔
فروری میں دوسری بار بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی گئی۔ محکمہ موسمیات نےآج مضبوط مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے کی نوید سنا دی۔ 25 فروری سے بارشوں کا سلسلہ بلوچستان سے شروع ہو کر خیبرپختونخوا اور پنجاب پہنچے گا جو یکم مارچ تک جاری رہے گا ۔ اس دوران بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہو گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات عرفان ورک کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آج شام اور کل بھی بارش کا امکان ہے خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو گی ۔ بالائی اور وسطی پنجاب میں ہلکی اور درمیانی بارش ہو گی۔
بارشوں سے موسم پر تو خوشگوار اثر پڑے گا لیکن ملک میں جاری چمپئنز ٹرافی کے میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں اور برفباری سےملک میں جاری پانی کی کمی پر کسی حد تک قابو پانے میں مدد ملے گی۔