ترجمان دفتر خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 24 سے 25 فروری تک آذربائیجان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم کو دورے کی دعوت آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے دی تھی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر ارکان بھی شہبازشریف کے ساتھ ہوں گے ۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات ہوگی۔
دفتر خارجہ کا کہناتھا کہ توانائی، تجارت، دفاع، تعلیم اور موسمیاتی تبدلی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں مفاہمت کی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں ۔
وزیراعظم آذربائیجان میں بزنس فورم سے کلیدی خطاب بھی کریں گے، وزیراعظم کا میزبان صدر کے ساتھ کاراباخ کا خصوصی دورہ بھی شیڈول میں شامل ہے ، عہدہ سنبھالنے کے بعد سے وزیراعظم شہباز شریف کا آذربائیجان کا یہ دوسرا دورہ ہے ۔