مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر ضلع کرم اور پوری ریاست کے دشمن ہیں، انہیں نہیں چھوڑا جائے گا۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف سے ضلع کرم کے اہلسنت اور اہل تشیع وفود نے ملاقاتیں کیں، دونوں وفود نے بیرسٹر سیف کو اپنے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
بیرسٹر سیف نے وفود سے پشاور میں اپنے دفتر میں ملاقات میں ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، فریقین نے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی، دونوں فریقین نے امن معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور امن کے قیام کیلئے سیکیورٹی فورسز اور حکومت سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفود نے کہا کہ شرپسند عناصر ضلع کرم کے امن کے دشمن ہیں، حکومت پائیدار امن کیلئے شرپسند عناصر کا قلع قمع کرے، اس بدامنی کے باعث علاقے میں تعلیمی، تجارتی اور دیگر معاشی و سماجی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
بیرسٹر سیف نے دونوں فریقین سے امن کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ حکومت مستقل امن کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، دونوں فریقین شرپسند عناصر سے دور رہیں اور ان کی سرکوبی میں حکومت کا ساتھ دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر ناصرف ضلع کرم بلکہ پوری ریاست کے دشمن ہیں، ان کو نہیں چھوڑا جائے گا۔