امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈالر کی بےقدری کا خوف ستانے لگا۔ ایک بار پھر برکس ممالک کو ٹیرف کی بڑھانے کی دھمکی دے دی۔
واشنگٹن میں تقریب سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں مشترکہ کرنسی لانے کی کوشش کی تو تمام برکس ممالک پر 150 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ہمارے ڈالر کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، وہ ایک نئی کرنسی لانے پر کام کر رہے ہیں۔ شاید چینی کرنسی یو آن استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ جب میں اقتدار میں آیا تو میرا پہلا بیان یہ تھا کہ برکس کا جو بھی ملک ڈالر کی تباہی کی بات کرے گا، اس پر 150 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ 150 فیصد ٹیرف کے علاوہ ہم ان سے تجارت بھی نہیں کریں گے، اس میں چین بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ برازیل اور روس کے سرکردہ سیاست دان برکس تنظیم کی اپنی کرنسی بنانے کا مشورہ دے چکے ہیں جس کا مقصد عالمی تجارت میں امریکی ڈالر پر انحصار کم کرنا ہے۔ برکس ممالک میں چین ،روس، بھارت، برازیل، سعودی عرب سمیت چھ ممالک پر مشتمل ہے۔