راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچوں کے پیش نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو منظم کرنے کے لیے ایک جامع روٹ پلان جاری کر دیا ہے۔
راولپنڈی میں 24، 25 اور 27 فروری کو مختلف اوقات میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچز کھیلے جائیں گے اور اس دوران ہیوی ٹریفک سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق تینوں میچوں کے دنوں یعنی 24، 25 اور 27 فروری کو صبح 7:00 بجے سے رات 1:30 بجے تک شہر میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔
پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹیکسلا کے راستے موٹروے (M-1) استعمال کریں اور اس کے علاوہ ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے کا متبادل راستہ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اسی طرح لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی آنے والی ہیوی ٹریفک کو چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے کے ذریعے سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میچز کے دوران سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس وے پر ٹریفک معطل رہے گا جس کے باعث شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ شہر کے اندر سفر کے لیے مختلف انڈر پاسز کا استعمال کریں۔