آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی مشکلات کم نہ ہوسکیں، حسن علی بھی شدید بخار میں مبتلا ہوکر جنوبی افریقا کیخلاف میچ سے باہر ہوگئے، ان کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو اگلا میچ کھلائے جانے کا امکان ہے۔
بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ جنوبی افریقا کیخلاف کل (جمعہ 27 اکتوبر کو) کھیلے گا، تاہم پاکستان ٹیم کی مشکلات ایک بار پھر بڑھ گئی۔
جنوبی افریقا کیخلاف میچ سے قبل حسن علی بھی شدید بخار میں مبتلا ہوگئے، ان کی کل کے میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق حسن علی اب بہتر محسوس کررہے ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ حسن علی طبعیت کی خرابی کے باعث جنوبی افریقا کیخلاف میچ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حسن علی کو گزشتہ رات تیز بخار ہوا تاہم وہ روبصحت ہیں، انہیں اگلے میچز سے قبل مکمل طور پر صحتیاب ہونے کیلئے آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حسن علی کی جگہ جنوبی افریقا کیخلاف میچ میں محمد وسیم جونیئر کو موقع دیا جانے کا امکان ہے۔
پاکستان ٹیم اب تک ایونٹ مں 5 میچز کھیل چکی ہے، قومی ٹیم کو اب تک بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نیدر لینڈز اور سری لنکا کیخلاف پاکستان نے اپنے میچز جیتے ہیں۔