وزیراعظم نے آئندہ پانچ سال میں ملکی برآمدات ساٹھ ارب ڈالر تک پہنچانےکیلئے جامع حکمت عملی بنانےکی ہدایت کردی ہے اور کہا ٹیرف کےنظام میں پائیدار اصلاحات بھی متعارف کرائی جائیں ۔
ملکی برآمدات بڑھانے سےمتعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم سے کہا برآمدات پر مبنی معاشی ترقی "اڑان پاکستان" ویژن کا اہم جزو ہے ، ٹیرف ریٹس کم اور نظام کو آسان بنایا جائے ۔ صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کی حکمت عملی اپنائی جائے ، برآمدات بڑھانے کیلئے سروسز، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں پرخصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی ۔
وزیر اعظم نے برآمدی صنعتوں کی ترقی کیلئےایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ میں ضروری اصلاحات کرنے کا بھی کہہ دیا ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا گزشتہ دو سال کے دوران میں ٹیرف میں بتدریج کمی کی گئی ۔ برآمدات بڑھانے کیلئے وزارت تجارت ہرسال بین الا قوامی سطح کی نمائشیں کرواتی ہے ۔ دو ہزار پچیس سے دو ہزار تیس کی اسٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے ۔ مشاورت مکمل ہونے پر ای کامرس پالیسی آئندہ ماہ منظوری کیلئےکابینہ میں پیش کی جائیگی ۔