پنجاب یونیورسٹی کے فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ( ایف سی آئی ٹی ) کی جانب سے اپنے 14 ویں کیریئر فیئر کا انعقاد کیا گیا جسے سٹیورٹ پاکستان نے اسپانسر کیا۔
ایونٹ میں سافٹ ویئر انڈسٹری کی 60 سے زائد معروف آئی ٹی کمپنیوں نے ایف سی آئی ٹی کے تقریباً 500 گریجویٹس کو ہائر کرنے کے لیے اپنے سٹالز لگائے جو کمپیوٹر سائنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں سے تعلق رکھتے تھے۔
ان پروڈکٹ اور سروس پر مبنی آئی ٹی کمپنیوں نے 2024 میں پاکستان کی معیشت میں 3.2 بلین امریکی ڈالر کا حصہ ڈالا جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 24 فیصد کا اضافہ ہے۔
کیریئر فیئر میں طلباء کو اسکالرشپس اور انٹرپرینیورشپ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
مختلف جدید ترین فائنل ایئر پروجیکٹس (ایف وائی پیز) بھی پیش کیے گئے جبکہ متعدد معزز مہمانوں نے ایونٹ کی رونق بڑھائی اور منتظمین اور فیکلٹی کی اس اہم تقریب کے انعقاد پر تعریف کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، پروفیسر ڈاکٹر منصور سرور (سابق وائس چانسلر، یو ای ٹی)، ڈاکٹر نوید ملک (سابق ریکٹر، ورچوئل یونیورسٹی)، نعمان شیخ (لیڈ ایم ایل آپس اینڈ سینئر ریسرچ سائنٹسٹ)، ڈاکٹر امجد عباس خان (صدر اے ایس اے)، اے ایس اے اور سنڈیکیٹ کے مختلف اراکین نمایاں مہمانوں میں شامل تھے۔
ایف سی آئی ٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شہزاد سرور کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایف سی آئی ٹی معیاری آئی ٹی تعلیم کی فراہمی اور سافٹ ویئر انڈسٹری کی عالمی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف سی آئی ٹی پاکستان کا معروف پبلک سیکٹر ادارہ ہے جو ہنرمند گریجویٹس تیار کر رہا ہے جو ملٹی نیشنل اور قومی آئی ٹی کمپنیوں میں کلیدی عہدوں پر کام کر رہے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر شہزاد سرور اور پروفیسر ڈاکٹر کامران ملک (ایچ او ڈی، ڈی ڈی ایس) نے منتظمین ڈاکٹر عارفہ مرزا، عبدالمتین، ڈاکٹر محمد عبداللہ اور ڈاکٹر سنام احمد کی اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے ان تھک کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں فیکلٹی ممبران کی جانب سے پروفیسر شہزاد سرور اور پروفیسر ڈاکٹر کامران ملک نے قابل قدر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی ایونٹ میں شرکت اور ایف سی آئی ٹی کی ترقی کے لیے ہر ممکن حمایت کے عزم پر اظہار تشکر کیا۔