مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس میں ڈبل نمونیا کی تشخیص ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویٹیکن کا کہنا ہے کہ 88 سالہ پوپ فرانسس کے دونوں پھیپھڑوں میں نمونیا کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کی حالت بدستور پیچیدہ ہے۔
پوپ فرانسس ایک ہفتے سے زیادہ عرصے سے سانس کے انفیکشن میں مبتلا تھے اور انہیں جمعے کو روم کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
رپورٹس میں ویٹیکن کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ ڈبل نمونیا کے بعد پوپ کا علاج مزید مشکل ہو گیا ہے اور وہ اپنے جانشین کے بارے میں بھی غور کر رہے ہیں۔
سوئس اخبار کی جانب سے بھی بڑا دعویٰ کیا گیا کہ پوپ کی آخری رسومات کی ریہرسل کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پوپ فرانسس کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے اپنے خیر خواہوں کا شکریہ ادا کیا تھا اور ان سے کہا تھا کہ وہ ان کے لیے دعا کریں۔
رومن کیتھولک چرچ کے رہنما کے طور پر اپنے 12 سالوں کے دوران پوپ فرانسس کو متعدد بار ہسپتال میں داخل رہنا پڑا ہے اور مارچ 2023 میں بھی انہوں نے ہسپتال میں تین راتیں گزاری تھیں۔