وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور ۔۔پاک مڈل ایسٹ پراجیکٹس میں دلچسپی رکھتا ہے۔
مراکش میں گلوبل منسٹریل کانفرنس سے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے خطاب کرتے ہوئے روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید سفری سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوششوں اور اقدامات پر روشنی ڈالی۔ بتایا پاکستان میں 4 لاکھ 93 ہزار کلومیٹر طویل روڈ نیٹ ورک موجود ہے، شاہراہوں میں 14 ہزار 4 سو کلومیٹر نیشنل ہائی وے اور 25 سو کلو میٹر موٹرویز شامل ہیں۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ گزشتہ 5 برسوں میں قومی شاہرات پر ٹریفک میں 25 فیصد اضافہ ہوا۔ روڈ سیفٹی سے منسلک اربن پلاننگ اور ماحولیاتی پالیسیوں پر کام کررہے ہیں۔ مؤثراقدامات سے حادثات میں 50 فیصد اور اموات میں 30 فیصد کمی آئی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں سگنل فری کوریڈور بنا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے شاہراہوں پر ریسکیو سروسز اور ائیرایمبولینس کی فراہمی کے لیے اقدامات کی بھی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور سی پیک گوادر بی آر آئی منصوبوں کیلئے پر عزم ہے۔ نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور،پاک مڈل ایسٹ پراجیکٹس میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گلوبل منسٹریل کانفرنس کا انعقادخوش آئند ہے، مختلف ممالک باہمی تجربات سے مستفید ہوں گے۔ پاکستان عالمی قوانین کی پابندی اور کانفرنس کے اعلامیے پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔