پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور 82 برس کے عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے ہیں۔
نواب یوسف تالپور 2024 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213، ضلع عمرکوٹ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ 1993 سے 2024 تک چھ بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور مختلف اہم سیاسی و پارلیمانی امور میں نمایاں کردار ادا کیا۔
مرحوم کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ آج دوپہر 2 بجے کنری، ضلع عمرکوٹ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نواب یوسف تالپور کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ نواب یوسف تالپور پارٹی کا اثاثہ تھے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ کے ترجمان کے مطابق، مراد علی شاہ نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہےاور ان کے لیے مغفرت کی دعا کی۔