آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں 18 فروری سے بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر (آج) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ نمی کا تناسب 31 سے 35 فیصد رہے گا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 152 ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طویل خشک سالی کے بعد 18فروری سے 20 فروری تک بارش کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا، اس دورانیے میں اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور اندرونِ پنجاب کے کچھ علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم ابر آلود رہے گا، سورج اور بادلوں کے درمیان آج آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بارش کے امکانات نہیں ہیں جس کی وجہ سے موسم خشک رہے گا۔
لاہور میں صبح سویرے موسم ہلکا سرد رہا، شہر اور گرد و نواح کے علاقوں میں ہلکی دھند چھائی رہی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم تھری کے سیکشن کو بند کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کل بادل برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا اور منگل کے روز پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں، آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طاقتور مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک کے 80 فی صد تک شمالی علاقوں کو بھی متاثر کرے گا، یہ سسٹم کے پی کے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر پر بھی اثر انداز ہوگا، جس کی وجہ سے پہاڑوں پر برف باری اور کئی علاقوں میں تیز بارش برسے گی۔
میٹ آفس کے مطابق بلوچستان میں اسی سسٹم کے نتیجے میں اچھی بارشوں کی توقع ہے جبکہ کوئٹہ، زیارت، ژوب، چاغی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین اور خضدار میں بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر، قلات میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ،سبی میں 12، تربت میں 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، نوکنڈی اور گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
سندھ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فی الحال موسمیاتی سسٹم کے نتیجے میں بارش کا امکان نہیں تاہم نئے سسٹم کے زیر اثر سندھ میں سکھر، لاڑکانہ اور کچھ دیگر علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کی توقع ہے، کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں، البتہ موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں بھی 19 تا 21 فروری اچھی بارش کی توقع ہے جبکہ جنوبی و وسطی علاقوں میں بارش کے 2 یا 3 اسپیل ہونے کا امکان ہے، اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بارش کے 2 یا 3 اسپیل ہوں گے۔