چیئرمین او ایم پی اے طارق وزیر علی نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر تک کمی آسکتی ہے ۔
ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے طارق وزیر علی کا کہناتھا کہ تمام او ایم سیز آئل ریفائنری سے تیل خریدتی ہیں ، آپ جتنا مٹریل لیتے ہیں اس کی قیمت ادا کر دیتے ہیں، اس بار تمام ریفارئنریز نے اوگرا کو تجویز دی ہے کہ آپ اس طریقہ کار کو بدلیں، یعنی جو کوٹہ او ایم سی کو دیا جاتاہے وہ نہیں لیتی تو اسے پیسے دینے ہوں گے ، یعنی آپ مٹریل لیں یا نہیں ریفائنری کو ادائیگی کرنی ہو گی ۔ ہم نے اوگرا کو تجویز دی ہے کہ کوئی بھی ایسی پالیسی نہ بنائیں جس میں او ایم سی کو مسائل آئیں ۔
طارق وزیر علی کا کہناتھا کہ او ایم سی اور آئل ریفائنری کے درمیان تیل خریداری کا طریقہ کار تبدیل ہونے کا صارفین کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے ، صارفین کو جو بھی فرق پڑے گا وہ حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتیں کم کرنے یا زیادہ کرنے سے ہی ہو گا۔ ان کا کہناتھا کہ عالمی منڈی میں اگر تیل کی قیمت میں مزید کمی ہو تی ہے تو پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہو سکتی ہیں ۔