کراچی ایئرپورٹ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے )امیگریشن نے دو بڑی کارروائیاں کی ہیں جن میں چار خواتین کو آف لوڈ کر دیا گیا جبکہ بیرون ملک سے آنے والے دو مشکوک مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے )حکام کے مطابق شازیہ بانو، ضمیرا عظیم، لبنیٰ اور ثنا شہزادی کو جبری مشقت کے لیے سعودی عرب بھیجا جا رہا تھا تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ پنجاب پولیس کی سابقہ ملازمہ آسیہ اس اسمگلنگ میں ملوث ہے،جبکہ سعودی عرب میں قیام اور دیگر اخراجات کے انتظامات وسیم گجر نامی ایجنٹ کر رہا تھا۔
ایف آئی اے امیگریشن کی دوسری کارروائی میں ایمرجنسی پاسپورٹ پر پاکستان پہنچنے والے ایلس اور ریان نامی مسافروں کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے پاس موجود ایمرجنسی پاسپورٹ پر لگی اسٹیمپ بھی جعلی ثابت ہوئی ہے۔
ایف آئی اے نے مشکوک شہریت رکھنے والے دونوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا ہے۔






















