ایم کیو ایم پاکستان آفاق احمد کے حق میں بول پڑی، ڈاکٹر فاروق ستار نے آفاق احمد کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا، کہا کہ عوام مشتعل ہے، ٹینکرز اور ڈمپرز جلانے کے پیچھے نا آفاق احمد ہیں نا ہی ایم کیو ایم ہے، مصطفیٰ کمال کا آفاق احمد سے متعلق بیان پوری پارٹی کی ترجمانی ہے، ملک چلانے والے اگر خاموش رہے تو کراچی کی سیاست کا رخ بدل جائے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ عوام کی نہ سنی گئی تو کراچی بیروت سے بدتر نہ ہوجائے، سندھ حکومت 5 سالوں میں کراچی کیلئے 2 ہزار ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ ڈمپرز سے لوگ مررہے ہیں، عوام مشتعل ہے، آفاق احمد اگر بیان نہ بھی دیتے تو مشتعل لوگ ڈمپر اور ٹینکر جلاتے، ڈمپرز جلانے کے پیچھے نہ آفاق احمد ہیں نہ ہی ایم کیو ایم پاکستان، مصطفیٰ کمال کا آفاق احمد سے متعلق بیان پوری پارٹی کی ترجمانی ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ سندھ میں زمینوں پر قبضہ اور سسٹم چل رہا ہے، جامعات میں نااہل وائس چانسلرز لگائے جارہے ہیں، پورے سندھ میں افسر شاہی کے ذریعے حُکمرانی کی جارہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایک سازش کے تحت شہر کو فساد کی جانب لے جایا جارہا ہے، ایسا نہ ہو کہ کراچی کی سیاست کا رخ بدل جائے، اس خراب صورتحال میں ایم کیو ایم مہاجروں کو پُرامن رہنے کی تلقین کرتی ہے، اگر ایم کیو ایم شہریوں کو صبر کی تلقین نہ کرتی تو شہر میں آگ لگ چکی ہوتی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء نے کہا کہ سندھ حکومت نے ڈمپر اور ٹینکر مافیا جو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، وزیراعلیٰ سندھ اور پارٹی سربراہ نے ڈمپر مافیا کیخلاف ایک بیان نہیں دیا، ڈمپر مافیا کے لوگ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے تھے، مہاجروں کو پشتونوں سے لڑوانے کی سازش کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کا ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ تاحال جاری ہے، سندھ حکومت اقتدار کی آڑ میں بدعنوانی اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے، سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیزنہیں ہے۔