پاکستان اور سعودی عرب کی جوائنٹ ملٹری کوآپریشن کمیٹی (JMCC) کا 8واں اجلاس منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور باہمی تبادلہ پروگراموں، تربیتی اقدامات اور دفاع سے متعلق دیگر سرگرمیوں پر بات چیت کی گئی ۔
اجلاس میں دونوں ملکوں کی عسکری قیادت نے موجودہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
سعودی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا گیا۔ مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے جنرل ساحر شمشاد کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔