وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لئے جرگہ تشکیل دیا جائے گا۔
سیاسی ومذہبی جماعتوں کے اکابرین کا مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں قومی اتحاد واتفاق اور آئین پر سختی سےعمل کرنے کی ضرورت ہے، ماضی میں بہت کوششیں کی گئیں لیکن ان کے حوصلہ افزا نتائج سامنے نہیں آئے۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو امن و امان کے حوالے سے بہت چیلنجز کا سامنا ہے، یہاں حالات کو خراب کرنے میں بیرونی سازشوں کا عمل دخل ہے، ملک کے حالات کو خراب کرنے میں فرقہ واریت، لسانیت اور علاقائیت جیسے مسائل کا دخل ہے، ہمارے صوبے میں امن و امان پڑوسی ملک افغانستان کی صورتحال سے جڑا ہے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے افغانستان کے ساتھ حکومتی سطح پر مذاکرات کی ضرورت ہے، افغانستان کے ساتھ بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لئے جرگہ تشکیل دیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرم کا مسئلہ فرقہ واریت کا نہیں کچھ عناصر اپنے مفاد کے لئے صورتحال کو خراب کر رہے ہیں، صوبائی حکومت کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں کرم میں صورتحال بہتر ہورہی ہے، مجلس مشاورت کے فیصلوں اور تجاویز پر عملدرآمد کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بناؤں گا۔