یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کو برطرف کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔
ریجنل منیجرز کی جانب سے ملازمین کو فوری طور پر فارغ کرنے کے لیٹرز جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ آل پاکستان ورکرز الائنس نے برطرفیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کا اعلان کر دیا ہے۔
ریجنل منیجرز کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز کارپویشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کو لکھا گیا ہے کہ آپ کو ملازمت سے فوری برطرف کیا جاتا ہے اور خط میں ملازمین کو متعلقہ اکاؤنٹ افسران سے حساب کلیئر کرنے کی ہدایت بھی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ڈیلی ویجز ملازمین کی تعداد تین ہزار سے زائد ہے۔
آل پاکستان ورکرز الائنس کے مطابق ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرنے کا حکم ہفتے کے روز ملا اور اطلاعات ہیں کہ ریجنل مینجرز نے سیکڑوں ملازمین کو لیٹر بھیجے ہیں، یہ ظالمانہ فیصلہ ہے، برطرفیوں کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔