نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے سہ ملکی سیریز جیت لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 243 رنز کا ہدف دیا جسے مہمان ٹیم نے 46 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 57 اور ٹام لتھام 56 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ ڈیون کانوے نے 48 اور گلین فلپس نے 20 رنز کی اننگ کھیلی ۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور سلمان آغا نے ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس سے قبل پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے 242 رنز بنائے جس میں محمد رضوان 46 جبکہ سلمان آغا 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ان کے علاوہ طیب طاہر نے 38 ، بابراعظم 29 ، فہیم اشرف 22 جبکہ نسیم شاہ 19 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ول او رورکی نے 4، بریسویل اور سینٹنر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جیکب ڈفی اور ناتھن اسمتھ نے ایک ایک شکار کیا۔
پاکستان ٹیم سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی تھی، گرین شرٹس نے پچھلے میچ میں 353 رنز کا ریکارڈ ہدف حاصل کیا تھا۔
محمد رضوان کا کہنا ہے کہ پچھلے میچ سے ایک مومنٹم ملا ہے، تاہم آج نیا دن ہے، اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ہمیشہ اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتے ہیں۔
کیوی کپتان بریسویل نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتے ہیں آج بھی پچ اچھی ہوگی، پاکستان اچھی ٹیم ہے، دونوں ٹیموں کی ترجیح میچ جیتنا ہوگی۔
نیوزی لینڈ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، میٹ ہنری اور بین سیئرز کی جگہ ناتھن اسمتھ اور جیکب ڈفی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابراراحمد شامل ہیں۔