وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ اسلام آباد میں آذربائیجان کے ساتھ چیمبر آف کامرس انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، مشترکہ تہذیب اور تعلقات میں گرمجوشی پاکستان اور آذربائیجان کا خاصہ ہے۔
اسلام آباد میں آذربائیجان و پاکستان چیمبر آف کامرس انڈسٹری کے قیام اور افتتاح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان مہمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان اور آذربائیجان دونوں ممالک اور بزنس کمیونٹی کیلئے انتہائی اہم ہے پاکستان اور آذربائیجان کا تعلق دونوں ممالک کے عوام کے دلوں سے منسلک ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف اور اُن کی ٹیم کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں آذربائیجان کے ساتھ چیمبر آف کامرس انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا ، پائیدار ترقی کا انحصار اسٹریٹیجک تعلقات اور تعاون پر ہے، آذربائیجان اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی ایک ہی جگہ سرمایہ کاری کے امور طے کر سکتے ہیں، پاکستان اور آذربائیجان چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کا قیام خوش آئند امر ہے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ مشترکہ تہذیب اور تعلقات میں گرمجوشی پاکستان اور آذربائیجان کا خاصہ ہے ، آزمائش کی ہر گھڑی میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ جڑے رہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی،چیئرمین آذربائیجان،پاکستان چیمبر آف کامرس و دیگر نے خوشی کا اظہار کیا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو بھی آذبائیجان سے کاروباری امور بڑھانے کا موقع ملے گا۔
تقریب میں صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام اور افتتاحی چیمبر کے چیئرمین احسن ظفر بختاوری شریک ہوئے ۔
اس موقع پر خضر فرہادوف نے کہا کہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان آذربائیجان کے لئے گہرے برادرانہ جذبات رکھتے ہیں ۔ پاکستان اور آذربائیجان دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان، آذربائیجان چیمبر آف کامرس کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی عبدالعلیم خان نے کیک بھی کاٹا ۔