سیکیورٹی تھریٹ کی اطلاعات کے بعد سابق وزیراعظم اور قائد ن لیگ نوازشریف کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی تھریٹ کے پیش نظر شریف خاندان کی سیکیورٹی کے لیے مزید اقدامات لیے گئے ہیں، سابق وزیراعظم نوازشریف کو بھی اسکواڈ میں دو جیمر اور دیگر سیکیورٹی آلات فراہم کر دیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف، شہباز شریف کو بھی ساتھ سفرکرنے اور ایک جگہ رہنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ جبکہ سیکیورٹی اداروں نے دونوں بھائیوں اوردیگر خاندانی افراد کو ایک مقام پر اکٹھا ہونے سے روک دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی اسلام آباد کی عدالتوں میں پیشی کے پیش نظر پولیس نے انہیں خصوصی سیکیورٹی فراہم کر دی۔ قائد ن لیگ نوازشریف کی سیکیورٹی اسکواڈ میں 3 اسپیشل پولیس وینز بھی شامل کردی گئیں، اے ٹی ایس اہلکاروں کا خصوصی دستہ بھی نواز شریف کے ساتھ تعینات کردیا گیا۔
یاد رہے کہ نواز شریف کو پہلے ہی سابق وزیراعظم کی سیکیورٹی دی جا چکی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے نوازشریف کوبلیو بک کے مطابق سابق وزیراعظم کی سیکورٹی فراہم کی گئی۔ نواز شریف کوسکیورٹی کی دو گاڑیاں، رہائشگاہ پر پولیس گارڈ تعینات کردی گئی ہے۔