حارث رؤف جنوبی افریقا کیخلاف سہ فریقی سیریز کے میچ سے باہر ہوگئے تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل فٹ ہوجائیں گے۔
نیوزی لینڈ کیخلاف سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف پٹھوں میں درد کے باعث میدان سے باہر چلے گئے تھے، حارث رؤف اپنے ساتویں اوور کے دوران پسلیوں کے قریب پٹھوں میں تکلیف کا شکار ہوئے۔
پی سی بی کے مطابق فاسٹ بولر حارث رؤف سہ فریقی سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ سے باہر ہوگئے، پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سہ فریقی سیریز کا تیسرا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 12 فروری کو کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق ایم آر آئی اور ایکسرے رپورٹ میں حارث رؤف کی چوٹ سنگین نہیں آئی۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ حارث رؤف 19 فروری سے شروع ہونیوالی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے مکمل طور پر صحت یاب ہو جائیں گے۔