اسرائیلی پولیس نے فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے حق میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر معروف عرب اسرائیلی اداکارہ مائسہ عبد الھادی کو گرفتار کر لیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی پولیس نے معروف اداکارہ کا نام لئے بغیر ایک بیان میں بتایا کہ ’’ فورسز نے ناصرت شہر کی رہائشی ایک اداکارہ کو گرفتار کیا ہے جو حماس کے حق میں سوشل میڈیا پوسٹس کر رہی تھی‘‘۔
اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’ اداکارہ کو دہشتگردی کی حمایت کرنے کے الزام کے تحت حراست میں لیا گیا ہے‘‘۔
تاہم، بعدازاں میڈیا رپورٹس میں مائسہ عبدالھادی کی گرفتاری کی تصدیق ہوگئی۔
معروف اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مسکراتے ہوئے ایموجیز کے ساتھ ایک 85 سالہ قیدی یافا ادار کی تصاویر شیئر کی تھیں اور حماس کے جنگجوؤں کی ایک ویڈیو بھی شئیر کی تھی جس میں انہیں غزہ باڑ کو توڑ کر اسرائیلی حدود میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو ان پوسٹس کے باعث حراست میں لیا گیا۔
View this post on Instagram
مائسہ عبد الھادی نے حماس کے جنگجوؤں کی ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں ’ چلو برلن کے انداز میں چلو ‘ بھی تحریر کیا تھا۔
37 سالہ اداکارہ نے کئی سیریز، فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جبکہ 2011 میں انہیں دبئی فلم فیسٹیول میں بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
2021 میں مائسہ حیفا شہر میں ایک پرامن مظاہرے کے دوران اسرائیل فورسز کی کارروائی کے دوران زخمی بھی ہوئی تھیں۔
عرب اسرائیلی گلوکار دلال ابو امنہ کو بھی اس ہفتے ان کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر مختصر طور پر حراست میں لیا گیا تھا۔